اسلام آباد میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اورکزئی میں بھارتی سرپرست خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب اور دیگر شہداء کی لازوال قربانیاں قوم کے ذہنوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ ان کے مطابق پاک فوج نے خوارج کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل فتوحات ہمارے عزم اور یکجہتی کی ترجمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوت تاریخ میں زندہ رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جمال مایہ میں فتنہ خوارج کے خلاف آپریشن کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق شہید، میجر طیب راحت شہید اور دیگر شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عزائم کو ناکام بنانے کے لیے جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے عزم دہرانے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک جنگ جاری رہے گی۔






