پشاور — وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فورس کو ہر سطح پر مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف سی کے اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق ٹریننگ کے لیے بیرون ممالک بھی بھیجا جائے گا، جبکہ وسائل کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ان کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کو پاکستان کی صفِ اول کی فورس بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
محسن نقوی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری نے دہشت گردی کے خلاف ناقابلِ فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں ایف سی کا کردار نہایت اہم ہے اور قوم ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
دورے کے دوران وزیرداخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری میوزیم بھی دیکھا اور قدیم اسلحے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔






