راولپنڈی: جڑواں شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث تیسرے روز بھی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ متعدد شاہراہیں اور داخلی راستے بدستور بند ہیں جبکہ موبائل فون اور سیلولر انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
لاہور سے اسلام آباد آنے والی ایم-2 موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، اور موٹروے پولیس کے مطابق ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
اندرونِ راولپنڈی رہائشی علاقوں کے راستے کھول دیے گئے ہیں اور مری روڈ سے ملحقہ گلیوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، تاہم اہم شاہراہیں اب بھی بند ہیں۔ مری روڈ، فیض آباد، آئی جے پی روڈ اور ایکسپریس وے پر عام ٹریفک کی نقل و حرکت معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ایئرپورٹ کی طرف جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں موجود ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپتالوں اور ایمرجنسی تک پہنچنا شدید دشوار ہو چکا ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کو جزوی طور پر کھولا گیا ہے۔ نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ جانے والا راستہ بھی بحال کر دیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی کی سمت سے فیض آباد کا راستہ تاحال بند ہے۔
میٹرو بس سروس تیسرے روز بھی مکمل طور پر معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
دوسری جانب موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کو مرحلہ وار بحال کر دیا گیا ہے، تاہم کنیکٹیوٹی ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔






