پولیس کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے لانگ مارچ کے دوران ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران شرپسند عناصر نے تقریباً 40 سرکاری اور نجی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے بھاری نقصان ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے گرینڈ ٹرنک (جی ٹی) روڈ پر مکمل کنٹرول بحال کر لیا اور مشتعل ہجوم کو منتشر کر دیا۔ آپریشن کے دوران تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو بھی حراست میں لے لیا گیا، جب کہ متعدد دیگر افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
آنسو گیس اور تصادم سے متاثرہ افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام نے جی ٹی روڈ پر عوامی آمدورفت کو عارضی طور پر محدود کر دیا، جب کہ شہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمی اہلکاروں کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔






