لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رائیونڈ اجتماع کے لیے تین روزہ الیکٹرو بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے اور رائیونڈ جانے والے راستوں پر فوری پیچ ورک کی ہدایت دی ہے۔ ریلوے اسٹیشن اور ایئرپورٹ سے رائیونڈ تک الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔
مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا امجد فاروق، مولانا محمد امیر، امتیاز احمد غنی اور ارشد شامل تھے۔ مریم نواز نے اجتماع کے لیے بہترین انتظامات اور تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی، سی سی پی او، ڈی آئی جی اور سی ٹی او کو خود رائیونڈ جانے کی ہدایت کی، جبکہ رائیونڈ کی تین سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت اور یکم نومبر سے اجتماع کے اختتام تک خصوصی صفائی مہم کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے رائیونڈ میں اسپیشل صفائی، عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ اور تین روز تک انتظامات پر کڑی نگرانی کی ہدایت دی۔ تبلیغی جماعت کے وفد نے الیکٹرو بس پراجیکٹ اور مختصر عرصے میں 90 ہزار گھروں کی تعمیر پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اکابرین تبلیغی جماعت نے شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام کو سراہا اور کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ہاتھ نہ پھیلانا قابلِ تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے شہروں میں گرین بس سروس کا قیام کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔
وفد نے کہا کہ مریم نواز کی عوامی خدمت سے بیرون ملک پاکستان کا تاثر بہتر ہوا ہے، رائیونڈ اجتماع میں 110 ممالک سے شریک افراد نے الیکٹرو بس منصوبے کی تعریف کی۔
مریم نواز نے کہا کہ خدمتِ خلق خلوص نیت سے کرتی ہوں اور دعا ہے اللہ تعالیٰ مزید توفیق دے۔ انہوں نے مخالفین کی باتوں پر صبر کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کبھی عوام کے لیے بولنا ضروری ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مرکز رائیونڈ کی دینی خدمات کو سراہا اور وفد سے ملک و قوم، امن و امان اور سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی درخواست کی۔






