قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 216 رنز بنا لیے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان نے دن کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ محمد رضوان 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 93 رنز پر پویلین لوٹے۔ نعمان علی اور ساجد خان بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 7 رنز اسکور کیے اور حسن علی بغیر رن کے ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسامے نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سبراین نے دو جبکہ ربادا اور ہارمر نے ایک، ایک وکٹ لی۔
مہمان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرام اور ریان رکلٹن کے ساتھ کیا۔ مارکرام 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ویان مولڈر بھی 17 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ریان رکلٹن نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹرسٹان اسٹبس 8، کائل ویرین 2 اور ڈیوالڈ بریوس بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر ٹونی ڈی زورزی 81 اور متھوسمی 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان اور سلمان آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے روز شان مسعود، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ امام الحق نے 93 اور شان مسعود نے 76 رنز بنائے تھے جبکہ بابراعظم 23 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔
میچ تیسرے روز فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگا اور پاکستان کو ابتدائی برتری حاصل ہے۔





