راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی عدم پیشی پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کی، جہاں علیمہ خان پر فردِ جرم عائد ہونی تھی مگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔
عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بار بار طلبی کے باوجود عدم پیشی عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر کو فوری طور پر وارنٹ فراہم کر دیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ کر وارنٹ کی تعمیل کرائے گی کیونکہ علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے وہاں موجود ہوں گی۔






