وفاقی وزیر داخلہ نے سوات کے علاقے مٹہ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں لیویز اہلکار عبدالکبیر شہید ہوگئے، جو حملے کے وقت ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور تھے۔
محسن نقوی نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالکبیر نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی، جو قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والوں پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی۔






