اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں مزید 16 دن کی توسیع کر دی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اب ٹیکس ریٹرنز 31 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق تاریخ میں توسیع ٹیکس بار ایسوسی ایشنز، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور تاجر تنظیموں کی درخواست پر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اب تک 51 لاکھ افراد ٹیکس ریٹرنز جمع کرا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال 15 اکتوبر تک یہ تعداد 46 لاکھ تھی۔
اس سے قبل 30 ستمبر کو بھی گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 دن کی توسیع کی گئی تھی، تاہم مختلف کاروباری حلقوں، شہریوں اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اس مدت کو 31 اکتوبر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، جسے قبول کر لیا گیا۔






