لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف 93 رنز سے کامیابی کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فتح کے ساتھ آغاز ہمارے لیے اچھا شگون ہے اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی تسلی بخش رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر اب تسلسل کے ساتھ بہتر نتائج دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پچ ایسی تھی جہاں نئے بلے باز کے لیے سیٹ ہونا مشکل تھا، اسی وجہ سے دونوں اننگز میں آخری وکٹیں جلد گریں، جس پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔
شان مسعود نے امام الحق کی شاندار واپسی، بابر اعظم کی دونوں اننگز میں کارکردگی اور عبداللہ شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہین آفریدی کو نیا گیند نہ دینا ایک مشکل فیصلہ تھا مگر بعض اوقات ٹیم کے مفاد میں فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ ان کے مطابق شاہین اور حسن علی ریورس سوئنگ کے لیے بہترین آپشن ہیں۔
کپتان نے مزید کہا کہ آگے مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا ہوگا اور دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا فیصلہ راولپنڈی کی پچ دیکھ کر کیا جائے گا۔






