کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اعلان کیا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں سے ضبط کیا گیا سونا غزہ کے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے بھیجا جائے گا۔ وہ ملک کے پہلے بائیں بازو کے صدر ہیں اور فلسطین سے ہمدردی رکھتے ہیں۔
صدر پیٹرو نے کہا کہ یہ سونا غزہ میں جنگ سے متاثرہ بچوں کے علاج اور تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو پر خرچ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ اقدام عالمی یکجہتی اور انسانیت کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک عالمی فورس کی تشکیل سے متعلق قرارداد پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
گستاوو پیٹرو پہلے بھی فلسطین کے حوالے سے اسرائیلی مظالم پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ اسرائیلی فوجی ایکشن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کھل کر تنقید کر چکے ہیں۔
گزشتہ سال کولمبیا نے درجنوں زخمی فلسطینی بچوں کو بگوٹا کے اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی تھی، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔






