واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ملک کے 2500 سے زائد مقامات پر احتجاجی ریلیاں اور دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے صدر ٹرمپ کے خلاف ’نو کنگز‘ کے نعرے بلند کیے۔
رپورٹس کے مطابق ’نو کنگز‘ کے نام سے امریکا کی 50 ریاستوں میں مزید مظاہرے بھی متوقع ہیں۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کی حکومت جارحانہ اور آمرانہ شکل اختیار کر چکی ہے۔ عوام امیگریشن، تعلیم اور سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں اور فوجی تعیناتیاں عوامی غصے کو بڑھا رہی ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ اور ری پبلکنز نے مظاہروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں امریکا مخالف قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں یہ احتجاج ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب سیاسی تعطل کے باعث وفاقی حکومت شٹ ڈاؤن کا شکار ہے۔





