اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود رفح کے علاقے پر فضائی حملہ کیا جس سے دو فلسطینی شہید ہوئے، اسی دوران وسطی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔ رفح اور خان یونس میں دھماکوں اور گولیوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ اباسن کے علاقے میں اسرائیلی ٹینکوں نے شدید فائرنگ کی۔ شمالی جبالیا میں فضائی حملے کے باعث دو فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق کارروائی حماس کے مبینہ حملے کے جواب میں کی گئی جبکہ حماس نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے خود سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 مزید شہادتوں کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 68 ہزار 159 اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 200 سے زیادہ ہوچکی ہے۔






