امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک نئی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہیں جنگی طیارہ اڑاتے اور مظاہرین پر گندگی پھینکتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں ان کے سر پر سنہری تاج بھی نظر آتا ہے، جیسے وہ کسی بادشاہ کے انداز میں ہوں۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں منظرِ عام پر آئی ہے جب امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں “نو کنگز” کے نام سے بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہیں۔ 2 ہزار 700 سے زائد شہروں میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں، صرف شکاگو میں ڈھائی لاکھ کے قریب مظاہرین شریک ہوئے۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ جبری بے دخلی، فوج کی تعیناتی اور ٹرمپ کی سخت گیر پالیسیوں نے امریکا میں جمہوری اصولوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کا طرزِ حکمرانی آمرانہ ہوتا جا رہا ہے۔
احتجاج کے جواب میں ٹرمپ نے وضاحت دی کہ وہ خود کو بادشاہ نہیں سمجھتے۔ دوسری جانب ریپبلکن رہنماؤں نے مظاہروں کو “امریکا مخالف مہم” قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے پوسٹ کی گئی 21 سیکنڈ کی ویڈیو میں انہیں طیارے سے مظاہرین پر کچرا پھینکتے دکھایا گیا ہے، جس کے بعد ہجوم میں افراتفری دکھائی دیتی ہے۔ یہ مکمل طور پر اے آئی سے تیار کی گئی ویڈیو ہے، جسے ناقدین نے اشتعال انگیز اور توہین آمیز قرار دیا ہے، جب کہ حامی اسے طنزیہ مزاح قرار دے رہے ہیں۔






