پاکستان کبڈی ٹیم نے بحرین میں جاری ایشین یوتھ گیمز کا شاندار آغاز کیا ہے اور پہلے دن دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔ باضابطہ افتتاح سے قبل شروع ہونے والے کبڈی ایونٹ میں پاکستان نے مسلسل دو فتوحات اپنے نام کیں۔
پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان بحرین کو 21 کے مقابلے میں 87 پوائنٹس سے بڑے فرق سے ہرایا۔ پہلے ہاف میں پاکستان کو 07-50 کی واضح برتری ملی، جب کہ دوسرے ہاف میں پاکستان نے 37 اور بحرین نے 14 پوائنٹس حاصل کیے۔
دوسرا میچ تھائی لینڈ کے خلاف سخت تھا لیکن پاکستان اس میں بھی کامیاب رہا۔ پاکستان نے یہ میچ 57 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے جیتا۔ پہلے ہاف میں پاکستان نے 26 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس حاصل کیے، جب کہ دوسرے ہاف میں مزید 23 پوائنٹس لیے۔
پاکستانی کبڈی ٹیم پیر کو ایران اور بھارت کے خلاف اپنے اگلے میچز کھیلے گی۔