جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، 2 ہلاک، 3 زخمی

0
266

جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں پیش آنے والے اس واقعے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ جن فوجیوں کی موت ہوئی ان کے نام میجر یانیو کولا اور اسٹاف سارجنٹ ایتائے یاویٹس بتائے گئے ہیں، دونوں ناحل بریگیڈ کی 932 ویں بٹالین سے وابستہ تھے۔

حملہ صلاح الدین روڈ کے قریب اس علاقے میں ہوا جو جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی کنٹرول میں ہے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق حملہ آور ایک سرنگ سے نکلے اور آر پی جی کے ذریعے ایک ایکسکویٹر کو نشانہ بنایا، جس میں دو فوجی موقع پر مارے گئے۔ اسی دوران ایک دوسرے ایکسکویٹر پر اسنائپر فائر ہوا جس سے دو فوجی زخمی ہوئے، ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ کچھ دیر بعد ایک اور فوجی بھی سنائپر فائر سے معمولی زخمی ہوا۔ حملہ آوروں نے کسی اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ اہلکار زیر زمین سرنگوں کے خاتمے کے مشن پر تھے اور امکان تھا کہ کچھ مسلح افراد اب بھی ان سرنگوں میں موجود ہوں۔ حملے کے فوری بعد اسرائیلی فضائیہ اور زمینی دستوں نے جوابی کارروائیاں شروع کیں اور جنوبی غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اس واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی پر قائم ہیں اور رفح میں پیش آنے والی جھڑپوں سے لاعلم ہیں کیونکہ یہ علاقہ مکمل طور پر اسرائیلی کنٹرول میں ہے اور وہاں موجود مزاحمت کاروں سے رابطہ کئی ماہ پہلے منقطع ہو چکا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا