حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج رات مزید دو اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی، جب کہ اسرائیل نے 15 فلسطینیوں کی میتیں غزہ کے حکام کے سپرد کی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان لاشوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔ حماس اب تک 28 میں سے 9 لاشیں واپس کرچکا ہے، جب کہ اسرائیل کی جانب سے مجموعی طور پر 135 فلسطینی قیدیوں کی میتیں غزہ بھجوائی جا چکی ہیں۔
قبل ازیں حماس تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرچکا ہے، جس کے بدلے اسرائیل نے 1700 فلسطینیوں کو آزاد کیا تھا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد سے جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور دو لاکھ کے قریب زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ غزہ کی ناکہ بندی کے باعث خوراک کی شدید قلت برقرار ہے۔





