فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے دن کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان میں فلسطین کے سفیر زوہیر محمد حمداللہ زید نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں سابق سفیر و سابق صدر کشمیر مسعود خان، سابق سفیر سید ابرار حسین، سرگودھا یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی، اسلامی یونیورسٹی، نسٹ اور یونیورسٹی آف راولپنڈی کے اساتذہ و طلبہ نے بھی شرکت کی۔
ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آئی آر اینڈ ماس کمیونیکیشن ڈاکٹر فیصل جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفیروں اور علمی شخصیات کی آمد طلبہ کے عالمی وژن کو وسعت دینے میں مددگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آر کے طلبہ کو بین الاقوامی حالات کا علمی و تحقیقی مطالعہ کرنا چاہیے۔
انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے تقریب کو یونیورسٹی کی تاریخ کا منفرد ایونٹ قرار دیتے ہوئے طلبہ اور فیکلٹی کو مبارکباد پیش کی۔ لیکچرر صائمہ اظہر نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور کہا کہ یہ ایونٹ ڈاکٹر فیصل جاوید کی تخلیقی سوچ کا مظہر ہے۔
آئی آر کے طلبہ نے سلامتی کونسل کی طرز پر گول میز مباحثہ منعقد کیا جس میں مسئلہ فلسطین زیرِ بحث آیا۔ اجلاس کی صدارت سابق سفیر سید ابرار حسین نے کی جبکہ لیکچرر احسان علی ماڈریٹر تھے۔
تقریب کے دوران ریسرچ پوسٹر کانفرنس اور تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی جن میں مختلف جامعات کے اساتذہ نے بطورِ جج شرکت کی۔ طلبہ نے عالمی مسائل اور اقوامِ متحدہ کے کردار کو تصاویر اور ریسرچ پوسٹرز کے ذریعے اجاگر کیا۔
اختتامی تقریب میں مہمانوں کو شیلڈز اور طلبہ کو سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔ ایڈیشنل رجسٹرار چوہدری علیم رضا، ڈاکٹر احتشام الحق اور ڈاکٹر رشید نے بھی شرکت کی۔






