اسلام آباد:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
جرمن سفیر اِرنا لیپل کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور استحکام پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہو گئے ہیں اور مالی سال کے اختتام تک تین ماہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ افراطِ زر کی شرح 5 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری لاگت میں کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں — فچ، ایس اینڈ پی، موڈیز — نے پاکستان کا آؤٹ لک بہتر کیا ہے، اور آئی ایم ایف کا حالیہ اسٹاف لیول معاہدہ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس، توانائی، نجکاری اور پبلک فنانس میں اصلاحات پر عمل کر رہی ہے، 34 سرکاری ادارے نجکاری کمیشن کے سپرد کیے جا چکے ہیں جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے چار غیر ملکی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان جلد چینی منڈی میں اپنا پانڈا بانڈ جاری کرے گا اور یوروبانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری بھی کر رہا ہے۔
آخر میں وزیر خزانہ نے جرمن سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی، توانائی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔






