افغان طالبان اور پاکستان کے مذاکرات کل ترکیہ میں ہوں گے:دفتر خارجہ

0
340

اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کل ترکیہ میں ہوں گے، جن میں افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے سیکیورٹی خدشات دور کریں اور عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میزبانی ترکیہ کر رہا ہے، جبکہ یہ بات چیت دوحہ مذاکرات کے فریم ورک کے تحت ہوگی۔ پاکستان مسلسل افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور چاہتا ہے کہ افغان حکومت علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنے کردار کو مؤثر بنائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے علاقوں کو ضم کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی عدالتِ انصاف کے تازہ فیصلے نے بھی اسرائیل کو امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے روکا ہے، اور یہ رواں سال کے دوران اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت کا چوتھا فیصلہ ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور مراکش کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے ہوئے جن میں باہمی تعلقات، سرمایہ کاری اور علاقائی امن پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

طاہر اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور قابلِ تصدیق میکنزم کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا