اسلام آباد: روسی فیڈریشن کا ایک اعلیٰ سطحی وفد وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد کے دورے پر پہنچا، جہاں دونوں فریقوں کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفد کی قیادت روسی سینٹر فار سائنس اینڈ کلچر کے ڈائریکٹر اور نائب قونصل جنرل رسلین پروخوروف نے کی۔ ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ڈاکٹر ناتالیا ژادووٹس، پروفیسر رومن پروزوف (یورال اسٹیٹ پیڈاگو جیکل یونیورسٹی، یکاٹیرنبرگ)، گلیب شوبن (کلچرل اٹیچی، روسی سفارت خانہ اسلام آباد) اور ایکا تیرینا (روسی زبان کی انسٹرکٹر) شامل تھیں۔
وفد نے ایف یو یو اے ایس ٹی اسلام آباد کی انچارج ڈاکٹر صبا بشیر سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈاکٹر فیصل جاوید (سربراہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات و ماس کمیونیکیشن) اور علیم چوہان (ایڈیشنل رجسٹرار) بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر شرکا نے پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں روسی وفد نے طلبہ کے لیے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا موضوع تھا: “روسی حکومت کی اسکالرشپ حاصل کرنے کا طریقہ کار”۔
سیشن میں روس میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، اسکالرشپ پروگرامز اور داخلے کے طریقہ کار سے متعلق مفید معلومات فراہم کی گئیں۔
رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا اور مستقبل میں دونوں ممالک کی جامعات کے مابین مزید تعاون کی راہیں ہموار کرے گا۔






