اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے عشائیے کے دوران مہمان کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان سے خوشگوار گفتگو کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات قائم ہیں، اور کرکٹ بھی ان تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقا نے دنیا کے عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں، جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی بہترین کارکردگی سے ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھائی چارے اور امن کا ذریعہ ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ ایک یادگار تجربہ رہا۔
عشائیے میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ، محسن نقوی سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے۔






