طوفان مونتھا ،بھارت میں سکول بند، شہریوں کا انخلا شروع

0
318

نیو دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مشرقی ساحلی علاقوں کی طرف بڑھنے والے سمندری طوفان مونتھا کے پیش نظر اسکول بند کر دیے گئے اور شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا۔

خبر ایجنسی اے پی کے مطابق بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا مونتھا طوفان سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے اور امکان ہے کہ یہ آندھرا پردیش کے ساحلی شہر کاکیناڈا سے ٹکرائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اس وقت میچلی پاٹنم کے جنوب مشرقی حصے کی جانب بڑھ رہا ہے اور خدشہ ہے کہ ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے 19 اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ طوفان کے اثرات قریبی ریاستوں تامل ناڈو، تیلنگانا، کیرالا اور کرناٹکا میں بھی محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق خطرے کے شکار علاقوں سے 38 ہزار سے زائد افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ 40 لاکھ افراد طوفان کے خطرے میں ہیں۔

آندھرا پردیش کے وزیرِ مواصلات نارا لوکیش کے مطابق ایک ہزار 238 دیہاتوں سے انخلا کی ہدایت دی گئی ہے اور 1,906 ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جن میں 364 اسکولوں کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔

ریاست میں اسکولوں اور کالجوں کو دو روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طوفان کے باعث ریل سروسز اور پروازیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں، جبکہ اوڈیشا میں ضلعی انتظامیہ نے بھی 32 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا