سوڈان کے علاقے دارفور میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجوؤں نے خوفناک قتلِ عام کرتے ہوئے اسپتال میں گھس کر 460 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت پر قبضے کے بعد باغی فورسز نے مریضوں سمیت اسپتال میں موجود سینکڑوں افراد کو نشانہ بنایا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے اسپتال کے علاوہ عام گھروں میں گھس کر بھی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دارفور اور دیگر علاقوں میں جاری لڑائی نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
اعداد و شمار جمع کرنے والے ایک گروپ کے مطابق سوڈان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے گزشتہ دو برسوں سے جاری جھڑپوں میں اب تک 40 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ مسلسل تشدد اور بدامنی کے باعث ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جسے عالمی ادارے دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران قرار دے رہے ہیں۔





