پنجاب میں زمین پر قبضے کے مقدمات کے حل کے لیے تیز رفتار نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی 90 روز میں کیس کا فیصلہ کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف ام موویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 کی منظوری دی گئی۔ آرڈیننس کے تحت ہر ضلع میں 30 دن کے اندر ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیاں فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ پنجاب میں اب کوئی کسی کی زمین نہیں چھین سکے گا، ریاست کمزور شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مشن ہے کہ ہر شہری کو انصاف، سہولت اور روزگار اس کے دروازے پر فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکانِ اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر بات چیت ہوئی۔






