کوئٹہ: افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق صرف ایک ہی روز میں تقریباً 10 ہزار 700 افغان مہاجرین کو چمن بارڈر کے ذریعے احترام کے ساتھ افغانستان بھیجا گیا۔
واپسی کا عمل چمن کے بعد طورخم سرحد سے بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد افغان شہری اپنے وطن لوٹ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واپسی کا عمل مکمل طور پر قانونی طریقہ کار کے تحت کیا جا رہا ہے، جہاں ہر فرد کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی سرحد پار کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
سرحدی مقامات پر ایف سی اور سول انتظامیہ کی جانب سے مہاجرین کے لیے عارضی رہائش، کھانے پینے اور بنیادی سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پاکستان نے افغان جنگ اور خانہ جنگی سے متاثرہ لاکھوں افغان شہریوں کی میزبانی کی۔ تاہم قومی سلامتی کے تقاضوں کے پیشِ نظر وطن واپسی کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے، اور آئندہ بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے پاکستان میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔





