کراچی: گلستانِ جوہر میں آگ، 200 سے زائد جھگیاں جل گئیں، مویشی بھی ہلاک

0
302

کراچی: گلستانِ جوہر بلاک 12 میں آگ لگنے کے باعث 200 سے زائد جھگیاں جل گئیں، جس کے نتیجے میں جھگیوں کا سامان، متعدد موٹر سائیکلیں اور مویشی جل کر خاکستر ہوگئے۔ خوش قسمتی سے کسی انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا۔

واقعہ منور چورنگی کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔ آگ لگنے کی اطلاع پر کے ایم سی کی فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کے 3 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث کے ایم سی کے واٹر باوزرز اور واٹر ٹینکرز بھی استعمال کیے گئے۔

ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق رات تقریباً ڈھائی بجے لگی آگ پر ڈھائی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پایا گیا۔ پانی کی کمی کے باعث فوری کولنگ ممکن نہ تھی، تاہم صبح ساڑھے پانچ بجے واٹر ٹینکر پہنچنے پر کولنگ کا کام شروع کیا گیا۔

فائر افسر کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق جھگیوں کے قریب بجلی کے کنڈے کاٹنے کے دوران شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ پھیلی۔ پلاٹ میں تقریباً 500 جھگیاں موجود تھیں جن میں سے 200 سے زائد مکمل طور پر جل گئیں۔

آتشزدگی کے نتیجے میں جھگیوں میں رکھی متعدد موٹر سائیکلیں، بکریاں، بکرے، بلیاں اور دیگر جانور جل کر ہلاک ہوگئے جبکہ انسانی جان کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

متاثرین کے مطابق آگ اس وقت لگی جب وہ سو رہے تھے، جس کے باعث وہ صرف تن پر موجود کپڑوں میں باہر نکل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ محنت مزدوری سے جمع کیا ہوا سارا سامان جل گیا اور اب ان کے پاس پہننے اور اوڑھنے کے لیے بھی کچھ نہیں بچا۔ متاثرہ افراد کا تعلق پنجاب اور بلوچستان سے ہے اور وہ گزشتہ 10 سال سے زائد عرصے سے اسی پلاٹ میں مقیم تھے۔

متاثرین نے سندھ حکومت اور مخیر حضرات سے امداد کی اپیل کی ہے۔
فائر بریگیڈ نے تین گھنٹے کارروائی کے بعد آپریشن مکمل کرلیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا