کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کراچی ٹریفک پولیس نے 6 دن کے دوران 26 ہزار 155 سے زائد ای چالان جاری کیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3,283 الیکٹرانک چالان کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق جمعے کی شب 12 بجے سے ہفتے کی شب 12 بجے تک سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1,992، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 761، ریڈ لائٹ خلاف ورزی پر 119، موبائل فون کے استعمال پر 87 اور اوور اسپیدنگ پر 104 ای چالان جاری کیے گئے۔
اسی دوران کالے شیشوں والے گاڑیوں پر 71، نو پارکنگ پر 26، رانگ وے پر 14، اوور لوڈنگ پر 2 اور بیجا لوڈ پر 10 چالان کیے گئے۔ بسوں کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر 58، اسٹاپ لائن خلاف ورزی پر 28 اور ون وے اسٹریٹ پر 2 ای چالان جاری ہوئے۔ ٹیکس کی عدم ادائیگی اور فینسی نمبر پلیٹس پر کوئی چالان نہیں ہوا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ جدید اور خودکار فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم شہریوں میں قوانین کی پاسداری یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کے لیے اہم ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ شہر میں ٹریفک بہتر ہو اور حادثات میں کمی آئے۔






