لندن: برطانیہ کے 40 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامو فوبیا کی نئی تعریف فوری طور پر اپنائی جائے، کیونکہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ تعریف ایک آزاد پارلیمانی ورکنگ گروپ نے تیار کی ہے جس کا کہنا ہے کہ 2023 کے بعد سے اسلامو فوبک جرائم میں 92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خط میں زور دیا گیا ہے کہ حکومت نومبر کے اسلامو فوبیا آگاہی مہینے کے دوران اس تعریف کو منظور کرے۔
کچھ حلقوں نے اس تعریف پر آزادیٔ اظہار سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے، تاہم حامیوں کے مطابق مسلمانوں کے تحفظ کے لیے یہ قدم ضروری ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ سفارشات کا جائزہ لے رہی ہے اور مناسب وقت پر جواب دے گی۔






