امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ بخوبی سمجھتے ہیں کہ اگر چین نے تائیوان پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے سخت نتائج ہوں گے۔ تاہم ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایسی صورت میں امریکا تائیوان کا دفاع کرے گا یا نہیں۔
سی بی ایس نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں تائیوان پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ چین کی کارروائی کی صورت میں کیا وہ امریکی افواج کو حرکت میں لائیں گے تو انہوں نے کہا کہ ’’اگر ایسا ہوا تو آپ جان جائیں گے‘‘، مگر مزید تفصیل دینے سے انکار کر دیا۔
ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شی جن پنگ اور ان کے قریبی حلقے نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے دور میں کوئی اقدام نہیں کریں گے کیونکہ وہ اس کے نتائج سے آگاہ ہیں۔






