بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے قریب معدومیت کے خطرے سے دوچار ہمپ بیک وہیلز کے ایک بڑے گروہ کی موجودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہی گیر امیرداد کریم کی ٹیم نے گوادر کے ساحل سے 11 ناٹیکل میل جنوب میں چھ سے زائد ہمپ بیک وہیلز کو سمندر کی سطح پر چھلانگیں لگاتے اور مغرب سے مشرق کی سمت ہجرت کرتے ہوئے دیکھا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف (پاکستان) کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق پاکستان کے پانیوں میں ایک ساتھ اتنی زیادہ ہمپ بیک وہیلز کا دیکھا جانا اس بات کی علامت ہے کہ یہ نایاب نسل، جو کئی دہائیوں سے شدید کمی کا شکار تھی، بحال ہونے کی طرف لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بحیرۂ عرب کے ہمپ بیک وہیل دنیا کی واحد وہ آبادی ہے جو سالانہ عالمی ہجرت نہیں کرتی بلکہ یمن سے سری لنکا تک محدود رہتی ہے۔ مون سون کے بعد یہ وہیلز خوراک کی تلاش میں پاکستان کے پانیوں تک آتی ہیں۔






