کراچی میں جاری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس ایکسپو (پائمیک) میں پاکستانی ساختہ جدید ڈرون جیمر گن ’صفرا‘ لانچ کر دی گئی، جو ہزاروں فٹ بلندی پر اڑنے والے ڈرونز کو مفلوج کرکے زمین پر اتارنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان نیوی کی دفاعی ٹیکنالوجی کی اس نمائش میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کے دوران ڈرون کو صفرا جیمر سے ناکارہ بنانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یہ نظام نیشنل الیکٹرونکس کمپلیکس آف پاکستان نے تیار کیا ہے۔
سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف مغل کے مطابق جیمر گن کا نام صفرا اس تاریخی کمان سے متاثر ہو کر رکھا گیا ہے جس سے نبی کریم ﷺ تیروں کو داغا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گن سے خارج ہونے والی ریڈیائی لہریں بھی کمان کی شکل میں پھیلتی ہیں۔
صفرا ایک ہی وقت میں GPS، ریڈیو اور ویڈیو سگنلز کو جام کر کے ڈرون کو مفلوج کرنے اور ضرورت پڑنے پر زمین پر لینڈ کرانے کی قابلیت رکھتی ہے۔ اس میں دو بیٹریاں نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک بیٹری 40 منٹ تک مسلسل کام کر سکتی ہے۔
ڈاکٹر آصف مغل نے مزید بتایا کہ یہ جیمر 1500 میٹر بلندی پر 550 میٹر افقی اور 350 میٹر عمودی دائرے میں موجود تمام ڈرونز کے پرواز اور ریکارڈنگ کے نظام کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیتا ہے۔






