اسلام آباد : فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں جلسۂ تقسیمِ اسناد 12 نومبر کو منعقد ہوگا۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہ قمر کے ساتھ وفاقی دارالحکومت کے تینوں منتخب ارکانِ اسمبلی بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ کراچی کیمپس میں کامیاب کانوکیشنز کے بعد اب اسلام آباد میں بھی بھرپور انداز میں تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے سرگرم یہ جامعہ ہر سال سینکڑوں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے، اور یہاں سے ڈگری حاصل کرنا گریجویٹس کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
تقریب میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران گریجویشن، ایم فل اور پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد دی جائیں گی جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز سے نوازا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہ قمر خصوصی طور پر کانوکیشن میں شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری سمیت اسلام آباد سے منتخب ارکانِ قومی اسمبلی انجم عقیل اور راجہ خرم نواز بھی تقریب کے مہمان ہوں گے اور فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد پیش کریں گے۔
وائس چانسلر کے مطابق اسلام آباد کے سرسبز مقام پر علم و تحقیق میں مصروف اس جامعہ کے اہم ایونٹ میں عوامی نمائندوں کی شرکت نہایت خوش آئند ہے۔ کانوکیشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ڈیجیٹل ٹی وی چینل “پہل” کی خصوصی ٹیم بھی تقریب کی کوریج اور میڈیا مینجمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔






