راولپنڈی: پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف بیرون ملک تعیناتی کے دوران مالدیپ کی بندرگاہ مالے پہنچا، جہاں مالدیپ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشن کمانڈر کموڈور محمد ذیشان نبی شیخ نے چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی، کمانڈنٹ کوسٹ گارڈ میجر جنرل محمد سلیم اور پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں بحری تعاون، میری ٹائم سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
مالدیپ میں قیام کے دوران مختلف ممالک کے سفیروں، سرکاری حکام اور پاکستانی کمیونٹی نے جہاز کا دورہ کیا جبکہ جہاز کو عوام کے لیے بھی کھولا گیا، جس سے عوامی رابطوں کو فروغ ملا۔
دورے کے اختتام پر پی این ایس سیف نے مالدیپ کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے ساتھ مشترکہ بحری مشق میں حصہ لیا، جس کا مقصد دفاعی تعاون میں اضافہ اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی بڑھانا تھا۔
ترجمان کے مطابق مالدیپ میں پاک بحریہ کے جہازوں کے باقاعدہ دورے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کی علامت ہیں۔






