اسلام آباد میں سینیئر صحافی اور انویسٹیگیشن رپورٹر قاسم منیر پر نامعلوم افراد نے جمعہ کی شب وحشیانہ حملہ کیا اور انہیں اغواء کے بعد شدید زخمی حالت میں تھانہ کرپا کے علاقے میں پھینک دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ قاسم منیر خون میں لت پت حالت میں مقامی رہائشیوں کے سامنے آئے، جس کے بعد فوری طور پر پولیس نے انہیں اسپتال منتقل کیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق قاسم منیر کی حالت نازک ہے اور انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قاسم منیر کو گزشتہ چند دنوں سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں اور انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا تھا، تاہم ان کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دارالحکومت کے صحافتی حلقوں نے قاسم منیر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا ہے۔ صحافیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے اور میڈیا کارکنان کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ صحافی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔






