لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں محکمہ اوقاف کی زمین پر قائم 30 سال پرانی پرندہ مارکیٹ کو دو دن قبل رات کے وقت داتا دربار توسیعی منصوبے کے تحت آپریشن میں گرا دیا گیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے اور ٹیپا نے بغیر نوٹس کے اچانک کارروائی کی، جس سے ان کے کئی قیمتی پرندے اور جانور ملبے تلے آ کر ہلاک ہوئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیوز دیکھ کر اپنے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکانداروں کو پرندے نکالنے کا وقت دیا جانا چاہیے تھا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا نے کہا کہ داتا دربار کے سامنے گندگی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، تاہم کسی پرندے یا جانور کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ایل ڈی اے کے ترجمان نے بھی سوشل میڈیا کی خبریں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیموں نے 16 کنال سرکاری اراضی خالی کروائی اور دکانداروں کا سامان اور جانور محفوظ طریقے سے منتقل کر دیا گیا۔





