اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان حکومت اگر ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تو پاکستان مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ امن، سلامتی اور ترقی کا موضوع پارلیمانی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر لانا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں اور مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرے گا۔ افغانستان میں پائیدار امن ہی خطے کی ترقی اور رابطے کی بنیاد ہے، جبکہ شدت پسند گروہ اب بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت جامع اقتصادی اصلاحات پر عمل کر رہی ہے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ایس ایم ایز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مالیاتی اصلاحات اور ماحولیاتی استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس میں ہونے والی گفتگو عالمی امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے مشترکہ سفر کو مضبوط کرے گی۔






