انقرہ: ترک فوج کا سی-130 کارگو طیارہ آذربائیجان سے واپسی کے دوران جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حکام نے ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
ترک خبرایجنسی کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے تقریب سے خطاب میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ آذربائیجان سے آرہا تھا اور سرحدی علاقے کے قریب کریش ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر مقامی حکام کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ترک وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ جارجیا کے حکام کے تعاون سے تلاش اور ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ علی یرلیکیا نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے جارجین وزیر داخلہ سے رابطہ کیا ہے جو جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔
ترک کمیونی کیشن ڈائریکٹر فرہاتین التون نے عوام سے اپیل کی کہ صرف سرکاری معلومات پر یقین کریں اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔
رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار افراد کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی، تاہم ابتدائی طور پر جانی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی، البتہ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔






