اسلام آباد : فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں جلسہ ء عطائے اسناد بدھ کو منعقد ہوا۔ 2011 سے 2022 تک مختلف ڈیپارٹمنٹس سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ اعزازی نمبر لیتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ ٹاپ کرنے والے گریجویشن، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سابق طلبہ کو میڈلز سے نوازا گیا۔ وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کانوکیشن کی صدارت کی۔ ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل، جمال رئیسانی اور فتح اللہ اعزازی مہمانان کی نشستوں پر براجمان تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے ڈگری اور میڈلز لینے والے سٹوڈنٹس کو مبارکباد دی۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر نے یقین دلایا کہ جامعہ اردو کا مالی بحران ختم کیا جائے گا۔ کانوکیشن میں سینکڑوں طلبہ نے شریک ہو کر اسناد وصول کیں۔۔ والدین بھی اپنے بچوں کے جشن اسناد کو یادگار بنانے کے لیے موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ شنواری، انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا قمر، ایڈیشنل رجسٹرار علیم رضا اور اساتذہ جلوس کی صورت میں پنڈال میں داخل ہوئے۔ طلبہ نے اساتذہ کا تالیاں بجا کے استقبال کیا۔ وزیر مملکت اور صدر محفل وجیہ قمر کی اجازت سے طلبہ کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ وجیہہ قمر نے کانوکیشن سے خطاب میں کہا کہ اردو یونیورسٹی علم و تحقیق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ ادارہ مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کے جوانوں کو علم کا زیور پہناتے ہوئے قومی ترقی و تعمیر میں حصہ لینے کے قابل بنا رہا ہے۔ اس کا مالی بحران جلد ختم کیا جائے گا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ جامعہ اردو نے بڑے انٹیلیکچولز پیدا کئے ہیں۔
رضا ربانی، پروین شاکر، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز ہماری المنائی کا حصہ ہیں۔ اب ہماری یونیورسٹی ریسرچ کی عالمی رینکنگ میں بھی جگہ بنا چکی ہے۔ کولیفائیڈ اور پروفیشنل اساتذہ یہاں قوم کے مستقل کو سنوارنے میں مگن ہیں۔ ڈاکٹر شنواری نے اعلان کیا کہ جلد کراچی اور اسلام آباد دونوں کیمپسز میں اگلے کانوکیشن ہوں گے۔ انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری کی لگن اور محنت کے طفیل ہم ایک بڑا اور کامیاب ایونٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ڈگری وصول کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شنواری نے وزیر مملکت وجیہہ قمر، مہمان ایم این ایز فتح اللہ، جمال رئیسانی اور انجم عقیل کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ تقریب کی نظامت انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر، ڈین الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر راحت، ایڈیشنل رجسٹرار علیم رضا اور سینئر اساتذہ نے مشترکہ طور پہ کی۔ ڈگریاں لینے والے طلبہ خوشی سے نہال تھے۔ انہوں نے یہ موقع فراہم کرنے پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری اور یونیورسٹی اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ طلبہ نے وائس چانسلر، اساتذہ اور والدین کے ہمراہ تصاویر بناتے ہوئے اس موقع کو یادگار بنایا۔






