اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم پر سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ آئی سی سی پینل آف میچ ریفریز کے رکن علی نقوی نے کیا، جنہوں نے رپورٹ میں بتایا کہ پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں چار اوور کم کروائے، جس کے نتیجے میں یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت، اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کر سکے تو ہر اوور کی تاخیر پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ چنانچہ چار اوور کم ہونے پر مجموعی طور پر 20 فیصد جرمانہ لگایا گیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جرمانہ قبول کر لیا، جس کے بعد اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ منگل کے روز راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی، جس کے ساتھ قومی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔






