برطانیہ: ایک شخص نے نیوی کے جعلی ایڈمرل کا روپ دھار کر جنگ عظیم کے فوجیوں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور یادگار پر پھول چڑھائے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو شمالی ویلز کے شہر لینڈڈنو میں پیش آیا، جہاں شخص نے ریئر ایڈمرل کی وردی پہن رکھی تھی، جس پر 12 تمغے لگے ہوئے تھے۔ تاہم، اس کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی، اور کہا گیا ہے کہ وہ ماضی میں بھی مختلف یادگاری تقریبات میں حصہ لیتا رہا ہے۔
رائل نیوی نے اس اقدام کو “سابق فوجیوں کی توہین” قرار دیا اور ممکنہ طور پر 1894 کے یونیفارمز ایکٹ کے تحت جرم بتایا، جو افراد کو فوجی وردی پہننے سے روکتا ہے جنہوں نے کبھی مسلح افواج میں خدمات انجام نہیں دی۔
ماہرین کے مطابق اس کی وردی پر کچھ تمغے غیرمعمولی طور پر لگے ہوئے تھے جو کبھی ایک ساتھ نہیں پہنے جاتے، اور اس کی وردی بھی معمول کے مطابق نہیں تھی، جیسے کٹ کالر والی سفید قمیض اور بڑی آستینیں۔
رائل نیوی کے ترجمان نے کہا کہ نیول افسر کی نقالی کرنا سروس سے وابستہ تمام افراد کے لیے توہین آمیز ہے اور اسے مجرمانہ فعل تصور کیا جا سکتا ہے۔






