وانا: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کی نرمی یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ دہشت گردوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والے عناصر درندے ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔
وانا میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن برباد کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کچہری حملے میں بھی افغان دہشت گرد ملوث تھے۔
قبائلی عمائدین نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج ان کی حفاظت کے لیے دن رات قربانیاں دے رہی ہے، علاقے میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور حکومت بچوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹی پی کو نہیں مانتے اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتے۔
اس سے قبل محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا جہاں آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا ساوتھ میجر جنرل مہر عمر خان نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور تمام کیڈٹس و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاک فوج و ایف سی کی بروقت کارروائی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ دہشت گرد نہیں بلکہ درندے ہیں جن کا کسی مذہب یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ کوئی بھی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔ پاک فوج اور ایف سی نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کا اے پی ایس جیسی سازش دہرانے کا منصوبہ ناکام بنایا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ طلباء کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت نکالنے والے افسران اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں جن پر پاکستان کو فخر ہے۔






