پشاور سے خود کش حملہ آور، سہولت کار گرفتار
پشاور میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی نے باجوڑ کی ایلیٹ فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر دشوار گزار پہاڑی علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دونوں خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی میں تین دستی بم، دیسی ساختہ آئی ای ڈی اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار خودکش بمبار افغان شہری ہے جبکہ اس کا ہینڈلر باجوڑ سے تعلق رکھتا ہے۔ گرفتار افغان بمبار کی شناخت قیس ولد غلام رسول ساکن اولسولی چاربولک، ولایت بلخ، افغانستان کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسرا ملزم رفیع اللہ سہولت کار اور ہینڈلر ہے۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ افغان دہشت گرد پاکستان میں خودکش حملہ کرنے کی نیت سے آیا تھا، جبکہ دونوں ملزمان برساتی نالے میں چھپے ہوئے تھے۔






