واشنگٹن: عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی کی۔
عشائیے میں رونالڈو امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کے قریب بیٹھے، جبکہ ایپل کے سی ای او ٹم کک اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے تقریب میں رونالڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سب سے چھوٹا بیٹا 19 سالہ بیرون رونالڈو کا بہت بڑا فین ہے اور آج آپ سے ملاقات کرکے بہت خوش ہوا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بیرون رونالڈو سے ملاقات کے بعد اب وہ مجھے تھوڑی زیادہ عزت دے گا کیونکہ میں نے اسے فٹبال اسٹار سے ملوایا ہے۔
واضح رہے کہ یہ رونالڈو کا 2014 کے بعد امریکہ کا پہلا دورہ تھا، اور وہ مستقل طور پر سعودی عرب میں قیام پذیر ہیں۔ رونالڈو سعودی کلب النصر کے لیے کھیلتے ہیں اور 2022 میں انہوں نے 200 ملین ڈالر سالانہ تنخواہ پر معاہدہ سائن کیا تھا۔
سعودی عرب 2034 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جبکہ رونالڈو اگلے سال عالمی کپ کے چھٹے ایڈیشن میں حصہ لیں گے، تاہم پہلے میچ میں ممکنہ طور پر فیفا کی پابندی کا سامنا کر سکتے ہیں۔ پرتگال نے حال ہی میں 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، جس میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو شریک میزبان ہوں گے۔






