اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے کی نجکاری اور مستقبل کے لائحہ عمل پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے تمام مراحل شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نجکاری کے لیے چار کمپنیوں نے پری کوالیفائی کرلیا ہے اور پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز نیلام کیے جائیں گے۔ تاہم، نجکاری کے بعد قومی ایئر لائن کا نام اور تھیم تبدیل نہیں کیا جائے گا۔
بزنس پلان کے مطابق، چار سال کے اندر پی آئی اے کے قابل پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائے گی اور سروسز کی تعداد موجودہ 30 سے زائد شہروں سے بڑھا کر 2029ء تک 40 سے زائد شہروں تک پھیلائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔






