لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ مغل پورہ کی حدود میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے یہ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں منعقد ہونے والی سماعت کے دوران سنایا۔
سماعت کے دوران یاسمین راشد کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اسی مقدمے میں اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں، اس لیے یکساں بنیادوں پر ان کی مؤکلہ کو بھی ضمانت دی جانی چاہیے۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے اور دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنایا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کو 9 مئی کے تین علیحدہ مقدمات میں دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں، جب کہ دیگر تین مقدمات میں ان کی درخواستِ ضمانت پر آئندہ سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔ اس کے علاوہ یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس میں پہلے ہی ڈسچارج ہو چکی ہیں۔






