مسلم لیگ ن کے پولنگ کیمپس میں رش، تحریک انصاف کے خالی ہیں:عظمیٰ بخاری

0
691

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنایا ہے، اسی وجہ سے مسلم لیگ (ن) آج ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کی گہما گہمی دیکھنے لائق ہے، جبکہ تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس تقریباً خالی پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار واضح برتری اور بڑے مارجن سے جیتیں گے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار گھر بن چکے ہیں، 3 لاکھ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں، 20 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں اور 25 ہزار الیکٹرک بائیکس نوجوانوں کو فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 50 ہزار سکالرشپ بھی تقسیم کی جا چکی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پورے پنجاب میں جدید الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، اس لیے لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کو ووٹ دیتے ہیں اور انتشار و نفرت کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ شکست خوردہ عناصر پولنگ اور نتائج آنے سے پہلے دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، لیکن عوام باشعور ہو چکے ہیں اور کھوکھلی تقریروں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا