وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، ایک بار پھر عوام نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پنجاب کے تمام حلقوں میں لیگی امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “چور چور کی گردان کرنے والوں کا مقدر اب صرف دھاندلی دھاندلی کا شور رہ گیا ہے۔”
عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ ووٹ حکومت کی فلاحی اور اصلاحاتی پالیسیوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مفت ادویات، گھروں میں انسولین کی فراہمی، ہیلتھ کلینکس، فیلڈ ہسپتال، اور بنیادی مراکز صحت کی بہتری کو ووٹ دیا ہے۔ اس کے علاوہ فری ٹریکٹر، فری سپر سیڈر، ٹیوب ویل سولرائزیشن اور کسان کارڈ جیسے اقدامات کو بھی عوام نے سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی فراہمی، نواز شریف کینسر ہسپتال اور نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر، اسکالرشپس، الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک بسوں کی فراہمی بھی کامیابی کی بڑی وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ ستھرا پنجاب اور مریم نواز کے وژن اور کارکردگی کی وجہ سے ملا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے، لیگی امیدواروں نے 20 ہزار سے لے کر 1 لاکھ 20 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور میں بابر نواز کی جیت نے “جعلی تبدیلی” کے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے






