کابینہ کمیٹی کی سرکاری اداروں میں کلیدی تقرریوں اور بورڈز کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری

0
454

اسلام آباد: سرکاری ملکیتی اداروں کے حوالے سے کابینہ کی کمیٹی نے اہم سرکاری اداروں میں کلیدی تقرریوں اور مختلف بورڈز کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی، جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فنانس ڈویژن، میری ٹائم افیئرز ڈویژن، پیٹرولیم ڈویژن اور صنعت و پیداوار ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمریوں پر غور کیا گیا اور انہیں منظور کر لیا گیا۔ فنانس ڈویژن کی سمری کے تحت زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کے بورڈ کے لیے ایک آزاد ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ میری ٹائم افیئرز ڈویژن کی تجویز کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کراچی کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی اجازت دی گئی، جبکہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ میں خالی نشست پر نامزدگی بھی منظور کی گئی۔

اجلاس میں صنعت و پیداوار ڈویژن کی تین سمریوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں سندھ انجینئرنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل، سمیڈا کے بورڈ میں پنجاب سے نجی شعبے کے ایک رکن کی تقرری اور اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل شامل تھی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی شعبے سے آزاد ڈائریکٹرز کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب میں اختیار کی گئی محنت اور سنجیدگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سخت اور شفاف انتخابی عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ سرکاری اداروں اور کمپنیوں کے گورننگ بورڈز میں ایسے افراد شامل کیے جائیں جو مطلوبہ تجربہ، علم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے حامل ہوں۔

کمیٹی نے فنانس ڈویژن اور نجکاری ڈویژن کو یہ ہدایت بھی کی کہ نجکاری کے لیے منتخب سرکاری اداروں کے زیرالتوا مقدمات کا جامع جائزہ اور تجزیہ کیا جائے اور متعلقہ وزارتوں اور لا ڈویژن کے ساتھ رابطہ کر کے ایسے طریقہ کار کی نشاندہی کی جائے جن سے ان مسائل کے حل میں آسانی ہو سکے، تاکہ نجکاری کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا