اسلام آباد کچہری دھماکے کی افغانستان میں منصوبہ بندی بے نقاب، سہولت کار ساجد اللہ کا اعتراف

0
933

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد کچہری دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ خودکش حملہ آور ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا اور مضافاتی علاقے میں پہلی دستیاب جگہ کو نشانہ بنایا، جس سے بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔

حملے کے فوراً بعد انٹیلی جنس بیورو اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں میں 4 اہم ملزمان گرفتار کیے، جن کی شناخت ساجد اللہ عرف شینا، کامران خان، محمد ذالی اور شاہ منیر کے ناموں سے ہوئی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق ساجد اللہ عرف شینا حملے کا مرکزی کردار اور ہینڈلر تھا، جو خودکش حملہ آور اور بارودی جیکٹ لے کر آیا۔ شینا نے 2015 میں تحریک طالبان افغانستان میں شمولیت اختیار کی اور مختلف تربیتی کیمپس میں حصہ لیا۔ 2023 میں اس کی افغانستان میں ٹی ٹی پی کمانڈر داد اللہ سے ملاقات ہوئی، اور اگست 2025 میں دوبارہ افغانستان جا کر رابطہ برقرار رکھا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود نے اپنے کمانڈر داد اللہ کے ذریعے کی، اور اصل ہدف راولپنڈی اور اسلام آباد تھا۔ شینا نے افغانستان جا کر داد اللہ کے علاوہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد عبداللہ جان عرف ابو حمزہ سے بھی رابطہ کیا۔

ساجد اللہ نے معاونت کے لیے محمد ذالی اور کامران خان کو بھی ہائر کیا، جو اگست 2025 میں افغانستان گئے۔ پاکستان واپسی پر اس نے خودکش حملہ آور عثمان شنواری سے رابطہ کیا، جسے خودکش جیکٹ اور دیگر ضروری مواد فراہم کیا گیا، جو بعد میں اسلام آباد کے جی-11 سیکٹر میں استعمال ہوا۔

دہشت گرد ساجد اللہ کا اعترافی بیان

ساجد اللہ نے بتایا کہ وہ 2016 میں افغانستان کنڑ گیا، ایک ماہ وہاں تربیت حاصل کی اور پھر پاکستان واپس آیا۔ 2023 میں دوبارہ افغانستان گیا، جہاں داد اللہ اور ابو حمزہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اسے تصاویر بھیجی گئیں اور ہدایت دی گئی کہ قبرستان سے خودکش جیکٹ لے لو۔ بعد میں خودکش حملہ آور قاری عثمان دو دن اس کے گھر میں رہا اور پھر اسلام آباد پہنچا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بروقت کارروائی کی وجہ سے ملک ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا اور دہشت گرد نیٹ ورک مکمل بے نقاب ہوا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا